امریکا نے اسماعیل ہانیہ ، یحییٰ سنوار سمیت 6 حماس رہنمائوں پر فرد جرم عائد کردی

واشنگٹن (آئی پاک ٹی وی ) امریکا نے اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار سمیت 6حماس رہنمائوں پر اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملے کا جواز بنا کر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے حماس کے 3 متوفی رہمناؤں اسماعیل ہنیہ، محمد دائف اور مروان عیسیٰ سمیت 6 مرکزی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کی ہے۔
فہرست میں حماس کے موجودہ سربراہ یحییٰ سنوار، قطر میں مقیم حماس کے سیاسی دفتر کے سابق سربراہ خالد مشعال اور لبنان میں مقیم حماس کے مرکزی رہنما علی براکہ بھی شامل ہیں۔
امریکا کے اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس کے رہنماؤں نے ایران اور حزب اللہ کی حمایت سے اسرائیل کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔
امریکی پراسیکیوٹرز نے حماس کے رہنماؤں کے خلاف رواں برس فروری میں ہی فرد جرم عائد کر دی تھی لیکن اسماعیل ہنیہ کی گرفتاری کی امید پر اس رپورٹ کو سیل کر دیا تھا تاہم ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیل پر لگنے والے الزمات کے باعث اس رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More