اسلام آباد (آئی پاک ٹی وی)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان میں معاشی ترقی اور استحکام لانے کے لئے پر عزم ہیں۔اس کے لئے ہمیں گیس اور بجلی کے شعبوں میں گردشی قرضے کو کم کرنے کے علاوہ پیداواری روزگار فراہم کرنا اور اخراجات کم کرنا ہیں۔
منگل کے روز یہاں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےانہوں نے اس سمت میں تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم نے ریونیو کی وصولی میں چوری اور بدعنوانی پر قابو پانے اور اس کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ کے خاتمے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ ملک اپنی منزل حاصل کر لے گا۔یہ بھی کہا کہ اس مقصد کی طر ف ہماری سنجیدگی اور عزم بھی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو وقت پر پورا کیا جائے گا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس کا بورڈ پاکستان کے قرضہ پروگرام کی منظوری دے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔
شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگست کے مہینے میں یہ 9.6 فیصد کے سنگل ہندسے پر آ گئی ہے جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں27 فیصد تھی۔
اسے ایک بہت اچھی کامیابی قرار دیتے ہوئے، انہوں نے اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں کی کوششوں کو سراہا۔