اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی)
رواں سال ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کے دوران یکم جولائی سے اب تک 306افراد جاں بحق اور چھ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں جبکہ ساڑھے 23ہزار املاک تباہ یا بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
یہ بات نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کو جاری کردہ اپمی تازہ رپورٹ میں بتائی ہے۔ جس میںمسلسل ہونے والی زوردار بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی کے بارے میں تفصیل سے بتایاگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 114افراد پنجاب میں جاں بحق ہوئے۔ جب کہ کے پی میں تباہ کن بارشوں سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 88 ریکارڈ کی گئی۔
اس کے بعد موسلا دھار بارشوں نے سندھ اور بلوچستان صوبوں میں بالترتیب 61 اور 31 افراد کی جانیں لے لیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں 23416 املاک کی تباہی سمیت بارشوں سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سیلاب سے ملک بھر میں 44 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں اور 35 پل بھی متاثر ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ویدر پروجیکشن مورخہ 2 ستمبر 2024 کے حوالے سے، کے پی کے چترال، دیر، چارباغ، مالاکنڈ، ہزارہ، ہری پور، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد میں جبکہ گلگت، دیامیر، نگر اور ہنزہ میں وسیع پیمانے پر تیز بارش متوقع ہے۔ جی بی میں چونکہ بھاری سے درمیانی بارش کچھ دنوں تک جاری رہ سکتی ہے، بہت زیادہ سے درمیانے درجے کے خطرے والے علاقوں میں مقامی لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ قراقرم ہائی وے ہنزہ کے ساتھ (تقریباً 50.02 کلومیٹر)، نگر (تقریباً 58.06 کلومیٹر)، گلگت اور دیامیر میں (تقریباً 54.06 کلومیٹر)، لوئر کوہستان (تقریباً 44.03 کلومیٹر)، اپر کوہستان میں (تقریباً 34.02 کلومیٹر) لینڈ سلائیڈنگ کازیادہ خطرہ ہے ۔اس لئےسیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ شمالی علاقوں کے سفر کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے سرکاری موسم اور خطرے کے خاص طور پر مون سون کی فعال بارشوں کے دوران انتباہات پر عمل کریں۔
مزید براں این ڈی ایم اے نے رواں ہفتے کے دوران 7ستمبر تک ملک بھر میں چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ کچھ علاقوں میں شدید اور کہیں معمول کی بارشوں کی پیشن گوئی بھی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان، خیبر پختون خوا اور پنجاب میں اکثر مقامات پر ہفتے بھر کے دوران بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔البتہ سندھ میںبدین، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد، کراچی، خیرپور، لاڑکانہ، مٹھی، میرپور خاص، سانگھڑ، سکھر، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، ٹھٹھہ اور عمرکوٹمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میںابر آلود موسم کے ساتھ ساتھ مختلفعلاقوں میں چند موسلادھار بارشوں کے ساتھ الگ تھلگ بارش کا امکان ہے تاہم، کشمیر کے بیشتر علاقوں میں اس دوران الگ تھلگ بارشیں ہوں گی۔