نیا توشہ خانہ ریفرنس بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16ستمبر تک توسیع

راولپنڈی (آئی پاک نیوز)
راولپنڈی کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کے نئے ریفرنس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
پیر کے روزجج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ان کے وکلاء سلمان صفدر، انتظار پنجوٹھا اور خالد یوسف چوہدری اور نیب کےپراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور عمیر مقصود بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس پچھلے ریفرنس سے ملتا جلتا ہے اور ایک جیسے الزامات والے دو ریفرنسز نہیں بن سکتے۔
دفاع کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے پہلے والے ریفرنس سے مماثلت کی بنیاد پر نئے ریفرنس کے خلاف دلائل دیے۔
جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نئے ریفرنس اور پچھلے ریفرنس میں مماثلت کا تعین صرف دستاویزات کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔پراسیکیوٹر نے عدالت سے پرانے توشہ خانہ ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ حاصل کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرانا جوڈیشل ریکارڈ حاصل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی۔
دریں اثناء احتساب عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی سماعت 6 ستمبر کو کرے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More