پیپلزپارٹی کی پنجاب کابینہ میں شمولیت۔ اہم اجلاس آج ہو گا

لاہور (آئی پاک نیوز)
ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلانے اورعدم اطمینان پیدا کرنے کے متعدد مواقع پرکھینچا تانی کے بعد اب مرکز اور پنجاب میں اتحادی شراکت دار – پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ نواز ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔
اتحادیوں کے درمیان اہم ملاقات آج (پیر) گورنر ہاؤس لاہور میں ہوگی۔ اطلاعات کے مطابق یہ اجلاس پنجاب میں پی پی پی کو کابینہ میں جگہ دینے کے معاملے پر تجاویز پر غور کرے گا۔
پی پی پی پنجاب کابینہ میں شمولیت کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ شیئر کرنے سے قبل اپنا اجلاس خود کرے گی۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد خان اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
خیال ہے کہ آج کا اجلاس گفتگو کو آگے بڑھانے سے قبل 25 اگست کو ہونے والے مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے گا جو پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے اور اسے پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر پنجاب میں اقتدار کی تقسیم میں سنجیدہ نہ ہونے کا الزام لگایا تھا۔جبکہ پنجاب میں پی پی پی کےرہنما سیدحسن مرتضیٰ نے گذشتہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا تھاکہ بات چیت تعمیری رہی اور مثبت پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھاکہ پیپلز پارٹی اقتدار میں حصہ نہیں چاہتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More