ریاض ( آئی پاک نیوز)
سعودی عرب فلسطین اسرائیل جنگ کے خاتمے کے لئے پھر متحرک ہوگیا ہے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکیہ مصر قطر اور دیگر ملکوں کے سربراہوں اور وزرائے خارجہ سے رابطے کئے ہیںجن میں جنگ بندی کے کئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کی شب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور مصری صدرعبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
ولی عہد نے ترکیہ کے صدر سے رابطے میں اسرائیلی قابض افواج کی وحشیانہ جارحیت کے مقابلے میں برادر فلسطینی عوام کی سپورٹ کے لیے عرب اور اسلامی کوششوں کو متحد کرنے کے حوالے سے مملکت کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زوردیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر سے رابطے میں فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کشیدگی میں اضافے اور اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکنے کےلیے عرب اور اسلامی سطح پر کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےپچھلے دو روز میں امریکہ، قطر، قبرص ، بحرین، ترکیہ، مصر اور گیمبیا کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔سعودی وزیر خارجہ اور بلنکنکے درمیان فون کال میں غزہ جنگ اور سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جبکہ دیگر برادر اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ باہمی رابطوں کے دوران صیہونی حملوں کی شدت میں اضافے اور فلسطین کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی ملکوں کی تنظیم کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے جنگ بندی کے لئے فوری مشترکہ کوششوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔