پاکستان کے معروف کامیڈین جاوید کوڈو انتقال کرگئے،وزیراعظم کا اظہار تعزیت

لاہور(آئی پاک ٹی وی ) سٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو 63 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نامور فنکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کی رحلت پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
اہل خانہ کے مطابق جاوید کوڈو طویل عرصے سے علیل اور جنرل ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھے۔اداکار جاوید کوڈو نے سوگواران میں بیوہ، دوبیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی۔
واضح رہے کہ معروف اداکار جاوید کوڈو نے 1980 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی منفرد اداکاری، مزاحیہ انداز اور چھوٹے قد کی وجہ سے جلد ہی عوام میں مقبولیت حاصل کر لی، انہوں نے 150 سے زائد اردو و پنجابی فلموں، سیکڑوں سٹیج ڈراموں اور ٹی وی شوز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
نامور کامیڈین جاوید کوڈو کی نماز جنازہ سنگھ پورہ پرانی منڈی گراؤنڈ لاہورمیں ادا کر دی گئی۔
سینئر اداکار جواد وسیم نے مرحوم جاوید کوڈو کی نماز جنازہ پڑھائی، جنازے میں سہیل احمد عرف عزیزی، نسیم وکی، شکیل چن، نوید انجم، افضل خان عرف جان ریمبو، کاشف محمود، عابد شاہ سمیت تھیٹرز اور ٹیلی ویژن کے اداکاروں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نامور اداکاروں نے مرحوم کے بیٹوں سلمان اور طیب کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نامور فنکار اور کامیڈین جاوید کوڈو کی رحلت پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جاوید کوڈو جو کہ اپنے چھوٹے قد اور قدآوراداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، ان کی وفات سے میڈیا انڈسٹری میں ایسا خلاء پیدا ہوگیا ہے جو شاید کبھی پر نہ ہو، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منفرد اداکار جاوید کوڈو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
جاوید کوڈو کے انتقال پر فلم، ٹی وی اور سٹیج سے وابستہ فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انکی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More