کوئٹہ(آئی پاک ٹی وی ) وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق اچکزئی، صوبائی وزیر سی این ڈبلیو عبد الرحمن کھیتران اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے کے دوران بلوچستان کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، صوبے کی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر دفاع، وفاقی وزیر داخلہ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان ،وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ ،صوبائی کابینہ ،ارکان پارلیمنٹ اور دیگر وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔