مون سون کا طاقتور سپیل: کراچی میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

کراچی(آئی پاک ٹی وی ) مون سون کے زوردار سپیل سے کراچی میں موسلا دھار بارش نے متعدد علاقے پانی میں ڈبو دیئے۔
شہرقائد میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 46 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لیاقت آباد، گلستان جوہر، جیل چورنگی، کریم آباد، صفورا اور سکیم 33 کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا، ناظم آباد میں 26، سرجانی ٹاؤن میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی وقفے وقفے سے درمیانی سے تیز شدت کی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔بارش برسانے والے سسٹم کے تحت کراچی میں31 اگست تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور بارشوں سے کمزور چھتیں اور دیواریں گر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو خطرناک قرار دے دیا، ماہی گیروں کو غیر ضروری طور پر سمندر میں نہ جانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ یہ سپیل مون سون کا سب سے طاقتور سپیل ہو سکتا ہے، اس سپیل سے کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، سانگھڑ سجاول، میرپورخاص اور نوابشاہ میں 250 سے 300 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ بدین، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 500 ملی میٹر بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More