اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) وزیراعظم شہباز شریف نے پشین دھماکے پر کہا ہے کہ کم سن بچوں پر حملہ آور کرنے والے بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، کم سن بچوں پر حملہ آور بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔