راولپنڈی (آئی پاک ٹی وی ) راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 316رنز بنا لیے۔
مشفق رحیم 55جبکہ لٹن داس 52رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلایش کو ابتداء میں ذاکر حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو کی وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ دونوں بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم بعدازاں شادمان اسلام اور مومن الحق نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور کھانے کے وقفے تک 134 رنز تک پہنچایا۔
مومن الحق اپنی نصف سنچری مکمل کرتے ہی خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 147 رنز پر تیسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن چائے کے وقفے سے قبل شادمان اسلام 93 رنز پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 15 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مشفق الرحیم اور لٹن داس وکٹ پر موجود ہیں، 89 ویں اوور کے اختتام تک بنگلادیشی ٹیم کا اسکور 306 رنز ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔