دوحہ(آئی پاک ٹی وی ) امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیانات کے باوجود اسرائیل غزہ سے فوج کے انخلا پر تیار ہے۔
قطر سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے غزہ سے انخلا کے شیڈول اور مقام کے تعین سے متعلق معاہدہ بلکل واضح ہے اور اسرائیل نے اس پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچنے کیلئے دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں غزہ سے اسرائیلی ڈیفنس فورس کے انخلا پر اتفاق کیا گیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتے مذاکرات میں طے پانے والے نکات سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا تاہم انہوں نے بتایا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ تیار کرلیا گیا ہے جس پر تین مراحل میں عملدرآمد کیا جائے گا اور غزہ سے اسرائیلی ڈیفنس فورس کا انخلا بھی ان میں شامل ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ملاقات کے دوران انہیں امریکا کے تجویز کردہ جنگ بندی معاہدے پر رضامندی سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔