محمد آصف تیسری بار سنوکر چیمپئن بن گئے

دوحہ ( آئی پاک ٹی وی ) پاکستان کے محمد آصف تیسری مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمئپن بن گئے ۔
پاکستانی کیوئسٹ نے ایران کے ایشین چیمپئین کو شکست سے دوچار کیا۔
آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئین شپ کے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان کے محمد آصف نے ایران کے علی گھر غوزلو کو 3-5 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
قومی کھلاڑی محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل فائنل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس کر کے رکھ دیا اور فتح اپنے نام کی، اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد اصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپین بن گئے۔
پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
پاکستانی کیوئسٹ نے نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سینچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا، انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی تھی۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپین شپ جیتی تھی جبکہ 2019 میں دوسری دفعہ عالمی اسنوکر چیمپین بنے تھے۔
قبل ازیں عالمی چیمپیئن شپ میں محمد آصف نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان سنوکر اینڈ بلئیرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داران نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ہے اور اسے پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی طرح مسلسل تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد آصف کو بھی پذیرائی ملے گی اور ان کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More