اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخابات میں دوسری بار تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کریں گے، ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ذرداری نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں جیتنے پر مبارکباد دی۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو ذرداری نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا "ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی فتح پر مبارک ہو، امریکا کے عوام نے ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی”۔
بلاول نے کہا کہ یہ جنگ مخالف فتح ہے اور جنگ مخالف مینڈیٹ ہے، امید ہے امریکا کی نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی، امید ہے امریکا کی نئی انتظامیہ عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔
واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی دوڑ ری پبلکنز امیدوار نے جیت لی، حکمرانی کی جنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ فاتح رہے، انہوں نے اب تک 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوئنگ سٹیسٹس شمالی کیرولینا، جارجیا، پینسلوینیا اور وسکونسن میں کملا ہیرس کو شکست دی، کملا ہیرس سوئنگ سٹیٹ میں صرف مینی سوٹا میں کامیابی حاصل کرسکیں اور 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ انڈیانا، مغربی ورجینیا، کنٹیکی کٹ، اوکلا ہوما، مسیسپی، الاباما، فلوریڈا، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی اور آرکنساس سے کامیاب ہوئے جبکہ کملا ہیرس کی ورمونٹ، رہوڈز آئی لینڈ، میساچوسٹس، میری لینڈ اور نیویارک میں جیت ہوئی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ ان کے علاوہ برطانوی ،چیک ری پبلک ،بھارتی اور یوکرینی وزرائے اعظم ، سابق آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ مورسن ،بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم اور دیگر عالمی رہنمائوں کی جانب سے بھی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے ۔