کراچی(آئی پاک ٹی وی ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی گئی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ اور روپیہ مستحکم ہوا ہے، مہنگائی میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ تمام مثبت اشاریے حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے ثمرات ہیں، معاشی بہتری کے ثمرات کی عام آدمی تک منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے، اصلاحات کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں، معیشت میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم پائیدار معاشی استحکام کی جانب بہتر انداز میں بڑھ رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔