اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اہم اجلاس آج ہوں گے جس میں اہم قانون سازی متوقع ہے۔
تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کا اجلاس شام 4 بجے ہوگا جس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں انسداد دہشتگردی ترمیمی بل اور ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس اسمبلی میں پیش ہوگا، رول آف لاء انڈیکس میں پاکستان کا 129 واں نمبر آنے کا توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک ایجنڈے کا حصہ ہے۔ایجنڈے میں عالیہ کامران کا پی آئی اے کے طیاروں کو گراؤنڈ کئے جانے پر توجہ دلاؤ نوٹس، وقفہ سوالات اور نکتہ اعتراض بھی شامل ہے۔
سینیٹ اجلاس کیلئے 39 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق آج کے اجلاس میں 3 نئے بل ایوان میں پیش کئے جائیں گے جبکہ 11 بلوں کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹس اور منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
حکومت کی جانب سے تمام اراکین پارلیمنٹ کو ایوانوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔