ممبئی(آئی پاک ٹی وی )بھارتی گھر کے شیر گھر میں ہی ڈھیر ہو گئے ، انڈیا کو 25برس بعد وائٹ واش کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ،نیوزی لینڈ نے تیسرا ٹیسٹ بھی جیت لیا ۔سیریز 3صفر سے کیویز کے نام رہی ۔
تفصیلات کے مطابق ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے تیسرے اورآخری ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 26 رنز سے چاروں شانے چت کردیا۔147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی، تیسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 6 اور گلین فلپس نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بھارتی کپتان روہت شرما نے 11 رنز بنائے جب کہ شبھمن گل، ویرات کوہلی اور سرفراز خان ایک ایک رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 235 اوردوسری اننگز میں 174رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ میزبان بھارتی ٹیم پہلی اننگز 263 اور دوسری اننگز میں 121 رنز بناسکی۔
یاد رہے کہ بھارت کو 25 سال کے بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست ہوئی ہے۔