واشنگٹن (آئی پاک ٹی وی ) پینٹاگون کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے یوکرین میں روسی جنگ میں شامل ہونے کے لیے 10,000 فوجی بھیجے ہیں ۔
پینٹاگون کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق 10,000 شمالی کوریا کے فوجیوں کو تربیت اور یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے روس بھیجا گیا ہے، جس سے شمالی کوریا کی جانب سے تعینات فوجیوں کی تخمینہ تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ خدشہ پیدا ہوا ہے کہ یوکرین میں جنگ مزید پھیل سکتی ہے۔
پینٹاگون کی ترجمان سبرینا سنگھ نے کہا کہ شمالی کوریا کے 10,000 فوجیوں میں سے کچھ جو تربیت کے لیے مشرقی روس میں تعینات کیے گئے تھے – جو کہ پچھلے ہفتے کے 3,000 کے ابتدائی امریکی اندازے سے زیادہ تھے – یوکرین کی سرحد کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
سبرینا سنگھ نے بتایاکہ ان فوجیوں کا ایک حصہ پہلے ہی یوکرین کے قریب آچکا ہے، اور ہمیں اس بات پر تشویش ہے کہ روس ان فوجیوں کو لڑائی میں استعمال کرنا چاہتا ہے یا یوکرائن کی سرحد کے قریب روس کے کرسک اوبلاست میں یوکرینی افواج کے خلاف جنگی کارروائیوں کی حمایت کرنا چاہتا ہے۔