غزہ (آئی پاک ٹی وی ) شمالی غزہ پر تازیہ اسرائیلی حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت 93افراد شہید ہو گئے ۔ درجنوں فلسطینی لاپتہ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی افواج نے فضائی حملے میں غزہ کے بیت لاہیا میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو تباہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت کم از کم 93 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی رہنماؤں نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) پر اسرائیل کی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے "ناقابل برداشت”، "غیر قانونی” اور "اجتماعی سزا سے کم کچھ نہیں” قرار دیا ہے۔
لبنان کی وزارت صحت عامہ نے کہا کہ مشرقی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 60 افراد مارے گئے ہیں، جو اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے بعد سے خطے کے لیے سب سے مہلک دن ہے۔
حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ نعیم قاسم مقتول رہنما حسن نصر اللہ کی جگہ گروپ کے سیکرٹری جنرل ہوں گے۔
واضح رہے کہ غزہ میں گزشتہ برس 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 43,020 افراد شہید اور 101,110 زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کے زیر قیادت حملوں کے دوران اسرائیل میں ایک اندازے کے مطابق 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔
غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 2710 افراد ہلاک اور 127 بچوں سمیت 12,592 زخمی ہو چکے ہیں۔