لاہور(آئی پاک ٹی وی) پنجاب کا دارالحکومت لاہور آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست رہا اور ایئرکوالٹی انڈیکس 707کی سطح پر پہنچ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں موسم سرما کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی فضائی آلودگی انتہائی نقصان دہ حد تک بڑھ گئی، اتوار کو لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا اور اس کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 707 کی انتہائی نقصان دہ حد تک پہنچ گیا۔
گو کہ گزشتہ روز لاہور کو فضائی آلودگی کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے تاہم آج بھی 661 اے کیو آئی کے ساتھ لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر ہے۔
دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی ویب سائٹ آئی کیو ایئر ڈاٹ کام کے مطابق اتوار کو صبح 7 سے 8 بجے کے دوران لاہور 707 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا۔
یاد رہے کہ اے کیو آئی فضا میں پائی جانے والی آلودگی کی مختلف اقسام کا ایک پیمانہ ہے جس میں فائن پارٹیکیولیٹ میٹر (پی ایم 2.5)، کورس پارٹیکیولیٹ میٹر(پی ایم 10)، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ( این او 2 ) اور اوزون (او3) کو شمار کیا جاتا ہے۔