پاک روس تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک روس تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے روسی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے روسی وفد کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ روسی اعلیٰ قیادت کی جانب سے حالیہ دوروں کی بدولت پاکستان اور روس کے مابین تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے، روس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر 2024 میں منعقد ہونے والا پاکستان و روس مشترکہ کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے مابین تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔
انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں وزیرِ مواصلات کی قیادت میں 70 رکنی پاکستانی کاروباری شخصیات کے وفد کے دورہ روس اور پاکستان-روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کو دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کیلئے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ انہیں جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام دیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More