کوئٹہ (آئی پاک ٹی وی ) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروموم میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے، لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامی افسران جائے موقع پر موجود ہیں اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے، دہشت گرد ترقی اور امن کے مخالف ملک دشمن عناصر کے پیروکار ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی دشمن کی آنکھ میں کھٹک رہی ہے لیکن دہشت گردوں کو مذموم مقاصد میں کبھی کامیابی نہیں مل سکتی، دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے، ناحق خون کا حساب دینا ہوگا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدل ہیں، جنہوں نے رات کی تاریکی میں معصوم افراد کو نشانہ بنایا، ملوث دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔