اسلام آباد (آئی پاک ٹیوی ) جسٹس یحییٰ آفریدی 30 ویں چیف جسٹس آف پاکستان بن گئے، عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس یحییٰ آ فریدی کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد کی گئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سروسز چیفس نامزد چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شریک تھے، وفاقی وزراء بھی تقریب میں موجود تھے۔
حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ عدلیہ کے سینئر ججز نے بھی شرکت کی، پارلیمنٹیرینز اور سرکاری حکام بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب حلف برداری کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
یا د رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آ فریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لیے کی ہے، صدر پاکستان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی۔