راولپنڈی (آئی پاک ٹی وی ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستا ن نے انگلینڈ کے 267رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگزمیں 3وکٹوں کے نقصان پر 73رنز بنا لئے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری تین میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں پہلے دن کے اختتام پر 73رنز بنا لئے اور اس کے 3کھلاڑی آئوٹ ہوئے ہیں ۔
کپتان شان مسعود 16جبکہ سعود شکیل 16رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں ۔
پاکستان نے اننگزکا آغاز کیاتو عبداللہ شفیق 14رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے ۔اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 35تھا ۔ دوسرے آئوٹ ہونیوالے بلے باز صائم ایوب تھے جنہوں نے 19رنز بنائے ۔ کامران غلام تیسرے آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی تھے جنہوں نے صرف 3رنز سکور کئے ۔
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 267رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
انگلش اوپنرز زیک کرائولی اور بین ڈکٹ نے 56رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ کرائولی 26رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ اولی پوپ محض 3رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ جوئے روٹ بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 5رنز ہی بنا سکے ۔ بین ڈکٹ نے 52رنز کی اننگز کھیلی اور نعمان علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے ۔
پانچویں آئوٹ ہونیوالے بلے باز ہیری بروک تھے جنہوں نے صرف 5رنز بنائے ۔ کپتان بین سٹوکس بھی زیادہ دیر کریز پر رک نہ سکے اور 12رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ جیمی سمتھ اور اتھکسن نے انگلش ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا ۔ اتھسکن 39بنا کر آئوٹ ہوئے تب انگلش ٹیم کا سکور 223رنز تھا ۔
سمتھ نے انگلش ٹیم کو آگے بڑھایا لیکن 89رنز بنا کر وہ بھی پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد آئوٹ ہونیوالے کھلاڑی ریحان احمد تھے جنہوں نے 9رنز بنائے ۔ جیک لیچ 16بنا کر آخری آئوٹ ہونیوالے انگلش کھلاڑی تھے ۔ شعیب بشیر نے صرف ایک رنز بنایا تاہم وہ آئوٹ نہیں ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے6جبکہ نعمان علی نے 3اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے کسی فاسٹ بائولر نہیں پہلی اننگز میں ایک گیند بھی نہیں کروائی ۔