اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) اومان کے دارالحکومت مسقط میں پہلی پاک اومان تجارتی نمائش ہوئی ۔پاکستان برآمدکنندگان کو متعدد آرڈرز مل گئے ۔
تفصیلات کے مطابق یہ دو روزہ پہلی پاکستان-عمان ایکسپو اور بزنس کانفرنس مسقط میں اختتام پذیر ہوئی ۔ اس نمائش میں پاکستانی تاجروں کے لیے لاکھوں ڈالر کے ایکسپورٹ آرڈرز ہوئے۔اومان دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے رواں مالی سال کے دوران پاکستان سے 12 کیٹیگریز میں مصنوعات درآمد کرے گا۔
ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمپنیوں نے گھریلو ٹیکسٹائل، کھیلوں، چاول، بچوں کے ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، خوراک، گروسری، فارماسیوٹیکل، پلاسٹک اور کیمیکل کے برآمدی آرڈرز پر دستخط کیے ہیں۔
اس نمائش میں 10 کیٹیگریز کے 64 پاکستانی بزنس ہاؤسز بشمول ٹیکسٹائل، ملبوسات، فیشن ملبوسات، زرعی مصنوعات، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان، فارماسیوٹیکل، دستکاری اور ہوٹل کی سرمایہ کاری، نے پہلی بار عمان میں ایک ہی چھت کے نیچے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔
نمائش میں ایک ہزار سے زائد کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی مصنوعات کو نجی شعبے اور عمان کی حکومت دونوں کی جانب سے پذیرائی ملی۔
اعلامیہ کے مطابق اس تقریب میں پاکستان کی اعلیٰ کمپنیوں کے 172 کاروباری مندوبین نے شرکت کی جن میں خواتین کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔