جی ایچ کیو کیس؛ جج کو اڈیالہ آنے سے روک دیا گیا، عمران خان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

راولپنڈی(آئی پاک ٹی وی ) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان پر سمیت 79 ملزمان پر 9مئی کے حوالے سے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے آج اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کرنی تھی لیکن اڈیالہ جیل انتظامیہ نے جج کو جیل آنے سے روک دیا ۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے جج کو خط لکھ کر کہا گیا کہ آج جیل میں کسی کیس کی سماعت نہیں ہوسکتی۔
خط کی روشنی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جیل نہیں گئے اور کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی جس کے نتیجے میں بانی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو چالان نقول کی فراہمی کا معاملہ بھی ٹل گیا۔
واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کو سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 کیسوں سے الگ کرکے تیزی کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 مقدمات کی سماعت 4 نومبر کو ہوگی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More