ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ،پاکستان اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج مد مقابل

دبئی(آئی پاک ٹی وی ) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2024کے اہم ترین میچ میں آج پاکستان نیوزی لینڈ کیخلاف میدان میں اترے گا۔
میگا ایونٹ میں رہنے کیلئے شاہینوں کیلئے اس میچ میں فتح لازمی درکار ہے ۔دوسری جانب پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کراچی سے دبئی پہنچ گئیں۔
گروپ اے سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ سے ہوگا۔
بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہوگا تاہم اگر نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دیتا ہے تو وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت، نیوزی لینڈ اور پاکستان تینوں کے پوائنٹس چار، چار ہوجائیں گے، جس کا رن ریٹ بہتر ہوگا وہ ٹیم سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گی۔
دوسری جانب فاطمہ ثناء نیوزی لینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گی۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والی کپتان فاطمہ ثناء کے والد جمعرات کو انتقال کرگئے تھے جس کے باعث کرکٹر پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی پہنچی تھیں تاہم گزشتہ روز والد کی تدفین کے بعد اب وہ دوبارہ دبئی پہنچ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فاطمہ ثنا کی غیر موجودگی میں منیبہ علی نے ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھائے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More