از: سہیل شہریار
سمندری طوفان ہیلن کے تباہی مچانے کے دو ہفتے بعد اب اس سے بھی بڑا طوفان ملٹن آئندہ 24گھنٹوں میں ریاست فلوریڈا کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔ملٹن کیٹیگری 5 کا سمندری طوفان ہے۔ جسے پچھلے 100سالوں میں آنے والا سب سے بڑا طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔یہ طوفان بھی ریاست فلوریڈا کے ایک بڑے شہر ٹمپا بے کے علاقے کو نشانہ بنائے گا۔ جہاں کی 33لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کو پہلے ہی انخلا کا حکم دیا جا چکا ہے۔ ملٹن فلوریڈا کے مغربی ساحل کے دوسرے حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گاجو 26 ستمبر کو ہیلن کے ٹکرانےکے بعد تباہ ہو گئے تھے۔
امریکہ کےنیشنل ہریکین سینٹر نے رپورٹ کیا ہے کہ ملٹن ٹمپا کے تقریباً 360 میل جنوب مغرب میںاپنے مرکز میں 160 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ 15میل فی گھنٹہ کی رفتارسے آگے بڑھ رہا ہے جو اگلے 24گھنٹوںمیں ساحل سے ٹکرائے گا۔ سمندری طوفان ملٹن مضبوط ہوا ہےجب اس نے منگل کے روز خلیج میکسیکو سے فلوریڈا کی طرف رخ کیا تھا۔ یہ زبردست طوفانی لہروں، تیز بارش اور تباہ کن ہواؤں کے ساتھ ریاست فلوریڈا کے ایک بڑے آبادی کے مرکزٹمپا کو تباہ کر سکتا ہے۔
فلوریڈا کی انتظامیہ کی جانب سے انخلا کے احکامات کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد اپنا گھر بار چھوڑ کر ٹمپا اور اسکے نواحی علاقوںسے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پچھلے دو دنوں سے ٹمپا شہر سمیت مغربی فلوریڈا کے تمام علاقوں سے جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کا ہجوم ہے۔ہزاروں گاڑیاں لمبی قطاروں میں سست روی سے محفوظ علاقوں کی جانب منتقلی میں مصروف ہیں۔ مگر اسی دوران ساحل کے ساتھ ساتھ عملہ تیزی سے سمندری طوفان ہیلن کا ملبہ صاف کرنے میں مصروف ہے تاکہ ملٹن اسے خطرناک پراجیکٹائلز میں تبدیل نہ کر دے۔کیونکہ جب یہ طوفان ٹمپا کے ساحل سے ٹکرائے گا تو150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ 15فٹ سے زیادہ بلندپانی کی لہریںتباہی مچا دیں گی۔ یہ بھی رپورٹ کیا جا رہا ہے کہ سمندری طوفان ملٹن کی تباہی کا نشانہ بننے والے علاقوں میں سے بیشتر وہی ہیں جو اس سے پہلے ہیلن کی مچائی ہوئی تباہی کا شکار ہو چکے ہیں۔اور یہاں ملبے کے بڑے ڈھیر موجود ہیں جو تباہی کے خطرات کو کئی گنا بڑھا رہے ہیں۔
امریکی مردم شماری بیورو کےجاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حکام نے فلوریڈا کی 11 کاؤنٹیوں میں تقریباً 59لاکھ افراد کے انخلاء کے لازمی احکامات جاری کیے ہیں۔اور انخلا کا عمل مکمل کرنے کے لئے دئیے گئے وقت کے ختم ہونے میں 12گھنٹے باقی ہیں۔
ادھر ریاستی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ پیچھے رہنے والے اپنی حفاظت کے خود ذمہ دار ہونگے ۔کیونکہ پولیس سمیت فائر بریگیڈ اور دیگر عملے سے توقع نہیں کی جاتی کہ وہ طوفان کے عروج پر بچاؤ کی کوشش میں اپنی جان کو خطرے میں ڈالیں۔