اسلام آباد (آئی پاک ٹی وی ) پاکستان نے کراچی میں چینی انجینئرز پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ حملے میں چینی شہریوں کے ہلاک، زخمی ہونے پر متاثرہ خاندانوں، بشمول چینی باشندوں اور پاکستانیوں کے لیے گہری تعزیت و اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ افسوس ناک عمل ناصرف پاکستان بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی پر بھی حملہ ہے ، بزدلانہ حملے میں شامل افراد، بشمول مجید بریگیڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم پر قائم ہیں، یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ چینی سفارتخانے سے قریبی رابطے میں ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ شب زور دار دھماکے میں غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔