میکسیکو سٹی (آئی پاک ٹی وی ) میکسیکو کے فوجیوں نے تارکین وطن کو لے جانے والے ٹرک پر فائرنگ کردی جس سے 6افراد کو ہلاک ہو گئے جبکہ 12زخمی ہوگئے ۔ تارکین وطن میں پاکستانی بھی شامل تھے۔
میکسیکو کی فوج نے انکشاف کیا ہے کہ اس ہفتے فوجیوں نے درجنوں تارکین وطن کو لے جانے والے ٹرک پر فائرنگ کی تھی جس میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
میکسیکو کی وزارت دفاع نے بدھ کے روز ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا کہ یہ واقعہ 1 اکتوبر کی شام کو جنوبی ریاست چیاپاس کے شہر ہیکسٹلا کے قریب پیش آیا۔
فوجی اہلکاروں نے مصری، نیپالی، کیوبن، ہندوستانی، پاکستانی اور عرب قومیت کے 33 تارکین وطن کی شناخت کی، جن میں سے 4 ہلاک، 12 زخمی ہو گئے تھے ۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مقامی اسپتال منتقل کرنے کے بعد مزید دو افراد کی موت ہوگئی۔
یہ فائرنگ گوئٹے مالا کی سرحد پر واقع شہر تاپاچولا سے تقریباً 41 کلومیٹر (25 میل) کے فاصلے پر ہوئی، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں بہت سے تارکین وطن اور پناہ کے متلاشی اپنا خطرناک سفر شمال میں میکسیکو کے راستے شروع کرتے ہیں۔
تارکین وطن کے حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ میکسیکو کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھوں تشدد اور بدسلوکی عام ہے۔