نیویارک(آئی پاک ٹی وی ) وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس سے آج خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، فلسطین، لبنان اور کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے، اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف متعدد بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے، وزیراعظم عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نیویارک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور فلسطین اور لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر زور دیا۔
دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ایران کے ساتھ روابط اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں ایران پاکستان باہمی حمایت اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔