تل ابیب(آئی پاک ٹی وی ) اسرائیل نے حزب اللہ کے 30 میزائل لانچروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
صیہونی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر نئے حملوں کا اعلان کیا۔ تو لبنان کی طرف سے گولہ باری کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس وقت لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کر رہی ہے۔ جس کا مقصد حزب اللہ کی صلاحیتوں کو کم کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔ حالیہ کارروائیاں شمالی اسرائیل سے بے گھر ہونے والے افراد کی ان کے گھروں کو واپسی کی کوششوں کے دائرے میں کی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے تقریباً 30 میزائل پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ کے مواصلاتی نظام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی۔
سرکاری بیان کے مطابق اسرائیلی چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی نے شمالی علاقے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ روز اسرائیل نے جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر پے در پے حملے کیے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے علاقے مغربی الجلیل میں میزائل داغ کر جواب دیا۔
اسرائیلی حملوں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں جنوبی لبنان کا قصبہ دیر قانون بھی شامل تھا۔ حزب اللہ نے جواب میں شمالی مقبوضہ شام کے علاقے گولان میں میزائل داغے ہیں۔