حزب اللہ کا پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد اسرائیل کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم

بیروت(آئی پاک ٹی وی )لبنان کی حزب اللہ نے پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد اسرائیل کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ لبنان اور شام میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 2,750 دیگر زخمی ہونے والے پیجر دھماکوں کے باوجود حزب اللہ نے "غزہ، اس کے عوام اور اس کی مزاحمت کی حمایت کے لیے اپنی بابرکت کارروائیاں” جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔
لبنانی مسلح گروپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کو ان حملوں کا "مکمل طور پر ذمہ دار” ٹھہراتا ہے جس میں کم از کم 200 افراد کی حالت تشویشناک تھی۔ اسرائیل نے ان دھماکوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پیجر ڈیوائسز دھماکوں سے اُڑا دیں تھیں جس میں 9 اہلکار جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے۔
لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، رابطوں کے لیےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کے تقریبا اڑھائی ہزار اہلکار زخمی ہوئے۔پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
پیجرز دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔
حزب اللہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ پیجرز میں دھماکا ہونا موجودہ جنگ کے دوران سکیورٹی کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔
پیجرز میں دھماکوں کا سلسلہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ زخمیوں کےلیے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 400 سے زیادہ افراد اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More