از:سہیل شہریار
پاکستان میں نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے حوالے سے انکے ڈیزائن ،ان میں شامل بعض تصاویر اور انکی چھپائی کے متوقع میٹریل کے حوالے سے میڈیا اور خصوصاًسماجی میڈیا پر مسلسل چہ مگوئیاں جاری ہیں۔ مگر حقائق کیا ہیں یہ ہم آپکو بتاتے ہیں
اس سلسلے میں اب تک کوئی ساری قوم کو یہ باور کروانے کی کوشش میں ہے کہ مجوزہ نوٹ اپنی تصاویر کی وجہ سے کافر نوٹ ہیں جن کے خلاف ساری قوم کو یکجا ہوکر احتجاج کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اس مرتبہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح پلاسٹک شیٹ پر نوٹوں کی چھپائی کی جارہی ہے۔ کوئی یہ دعویٰ کرتا نظر آتا ہے کہ اس بار 5ہزار روپے کے نوٹ میں خصوصی چپ لگائی جا رہی ہے جس سے کالا دھن پکڑنے میں مدد ملے گی وغیرہ وغیرہ۔
ہم نے جن باتوں کی اوپر نشاندہی کی ہے ان کی اکثریت کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔البتہ بنیادی حقائق درست ہیں۔ مثلاً یہ کہ ملک میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے کرنسی نوٹوںکے اجرأ کی تیاریاںرواں سال کے شروع سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر بنک دولت پاکستان نے مارچ 2024میں پاکستانی ڈیزائنرز کے مابین جدید اور موضوعاتی ڈیزائن کے آئیڈیاز کے لیے ایک آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا تھا۔ جس کے نتائج کا اعلان ستمبر کے شروع میں کیا گیا۔ جس کے ساتھ ہی ان مجوزہ ڈیزائنز کے حوالے سے لمبی لمبی چھوڑنے کا نیا مقابلہ شروع ہوگیا۔ حالانکہ سٹیٹ بنک نےپہلے ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ یہ مقابلہ مقامی ڈیزائنرز کی حوصلہ افزائی اور انکی تخلیقات سے اصل ڈیزائنز کی تیاری میں مدد لینا تھا جو شارٹ لسٹ کردہ بین الاقوامی کمپنیاں تیار کر رہی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق شارٹ لسٹ کردہ ڈیزائن فطرت کے لحاظ سے تجویز کردہ ہیں اور انہیں بین الاقوامی ڈیزائنرز کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے جنہیں سٹیٹ بنککے ساتھ کام کرنے اور نئی بینک نوٹ سیریز کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔اور اس ضمن میں بین الاقوامی ڈیزائنرز بنک نوٹوں کی سیریز کے لیے حتمی ڈیزائن بنانے کے لیے اپنی ڈیزائن کی مہارت اور تخیل کو استعمال کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک اپنی ڈیزائن تجاویز پیش کریں گی ۔ جس کے بعد امور کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیزائن کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی۔جس کے بعد حتمی مرحلے میںسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور شدہ ڈیزائن جنوری 2025 تک منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سےپلاسٹک کرنسی نوٹوں کے اجرأ کی تردید کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملک میں پولیمر یعنی پلاسٹک کرنسی نوٹوں کے اجرأ کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ چنانچہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نئے بینک نوٹ سیریز کی روایتی کاغذ پر چھپائی کا عمل شروع کرے گا۔جبکہ نئے کرنسی نوٹ آئندہ سال کے دوسرےنصف حصے میں جاری ہو سکتے ہیں۔