اسلام آباد(آئی پاک ٹی وی ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اسلام آباد میں آج سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر وفاقی پولیس نے اسلام آباد کے مختلف داخلی راستے بند کر دئیے، جی ٹی روڈ کو سنگجانی کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، روات میں ٹی چوک پر بھی کنٹینرز پہنچا دیئے گئے، جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی، ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ کے قریب سے بارودی مواد برآمد ہوا جو کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے قبضے میں لے لیا۔
جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد کر لئے گئے، پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو جلسے کے ارد گرد تعینات کر دیا گیا۔
سنگجانی پولیس کی جانب سے آج سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔
تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیاسی پاور شو کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی سست ہوگئی، انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سنگجانی کے مقام پر اسلام آباد کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہوگا، انتظامیہ کا مشکور ہوں جنہوں نے این او سی دیا، جلسہ پرامن ہوگا، لانگ مارچ نہیں ہوگا، جلسہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہوگا، بانی پی ٹی آئی عمران خان آپ کی آزادی کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کیلئے سب کو نکلنا ہوگا،عدلیہ پر وار کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہوگا، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، یہ قانون سازی کر رہے ہیں یا من مانی کر رہے ہیں؟